اسلام آ باد(نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سرکاری ہیلی کاپٹر پر پی ٹی آئی رہنماوں کے سفری اخراجات کی تفصیل شہری کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
ہائی کورٹ میں سرکاری ہیلی کاپٹر پر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی وزارت عظمی کے امیدواروں کو اسلام آباد لانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے حکومت کو حکم دیا کہ سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق اخراجات کی تفصیل شہری کو فراہم کی جائے۔
عدالت نے انفارمیشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے وفاق کی اپیل خارج کردی۔
پی ٹی آئی کے وزارت عظمی کے امیدواروں کو ہیلی کاپٹر پر اس وقت کے وزیراعظم عمران خان سے انٹرویو کے لئے لایا گیا تھا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ شہری جاننا چاہتا ہے کہ وزیراعظم کا ہیلی کاپٹر کہاں کہاں استعمال ہوا تھا۔
حیران کن طور پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موجودہ حکومت کی جانب سے سابق حکومت کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا دفاع کیا۔









