بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہماری آزادی اور امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کی مرہون منت ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہماری آزادی اور امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کی مرہون منت ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے 6 ستمبر، یوم دفاع کی مناسبت سے پیغام جاری کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستانی بہادر قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے تمام مشکلات کے باوجود مادر وطن کی حفاظت کی، جس کے لئے قوم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء نے جانیں دے کر قومی پرچم کو بلند رکھا، ہماری آزادی اور امن ان شہداء کی بے مثال قربانیوں کی مرہون منت ہیں۔

یوم دفاع کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ کا پیغام:

یوم دفاعِ پاکستان کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھ ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن دشمن کی جارحیت کے خلاف پاکستانی قوم کے بے مثال اتحاد اور پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے کہ جب پوری قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی جارحیت کو شکست دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن شہداء اور غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔

سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ عہد حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھی ہمہ وقت تیار ہے اور سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کی ہرممکن مدد کے لیے کوشاں ہے۔

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بتایا کہ آج پاک بحریہ کے تمام آفیسرز، جوان اور سویلینز ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے اپنے عزم کو دہراتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کیلئے ایک ترقی یافتہ اور پر امید مستقبل مہیا کیا جا سکے۔