اسلام آباد(ممتازنیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے برطانیہ سے چوری ہونے والی انتہائی قیمتی گاڑی’’ بینٹلی ملسان‘‘ کراچی میں ان کے گھر برآمد ہونے سے متعلق وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ کے الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر عطاتارڑ یہ الزام ثابت نہ کر سکے تو میں عمرے سے واپسی پر ان کی حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا ۔ اپنے ایک ٹویٹ میں فیصل واوڈا نے عطاتارڑ سے کہاکہ آپ کے بھگوڑے مجرم نواز شریف کے بھائی کی حکومت ہے ،میں تمہاری پوری حکومت کو چیلنج کرتا ہوں کہ اپنا الزام ثابت کرو کہ نان ڈیوٹی پیڈ گاڑی میری ہے ۔ایک اور ٹویٹ میں فیصل واوڈا نے کہاکہ عطا تارڑ تو سڑک کا سیاستدان ہے اس کیا پتہ نسلی کیا ہوتے ہیں، الحمدللہ الحمداللہ الحمدللہ صرف وضاحت کے طور پر بتا رہا ہوں کہ جس گھر سے یہ گاڑی برآمد ہوئی ہے اللہ کا احسان ہے کہ میرے گھر کا سرونٹ کوارٹر بھی اس سے بڑا ہےجب چاہوں اپنی آنکھوں سے آکر دیکھ لو۔
گاڑی برآمدگی کا معاملہ، عطاتارڑ الزام ثابت نہ کرسکے تو حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجادوں گا،فیصل واوڈا کا چیلنج








