اسلام آباد(ممتازنیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرنے معروف دانشور، تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ رہنما اور کشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مرحوم شیخ تجمل الاسلام کو ان کی پہلی برسی کے موقع پر کشمیر کاز کیلئے گرانقدر اور بے مثال خدمات انجام دینے پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاہے۔شیخ تجمل اسلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک تعزیتی مجلس منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہاکہ شیخ تجمل الاسلام نے کے ایم ایس کو عملی طور پر ایک نظریاتی تنظیم میں تبدیل کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی تک شیخ تجمل الاسلام کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیدائشی حریت پسند شیخ تجمل الاسلام نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی بھرپور اور عملی طور پر مخالفت کی۔ انہیں جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پربھارتی غیض وغضب کا سامنا کرنا پڑا اور 1974سے 1984تک کئی بار جیل کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔انہیں آزادی پسندی اور بھارت مخالف موقف اور سرگرمیوں کے باعث بھارتی فورسز نے ظلم و ستم کانشانہ بھی بنایا ۔ شرکاء نے شیخ تجمل الاسلام کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام تحریک آزادی کشمیر کا ایک بیش قیمت اثاثہ تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کیلئے وقف کررکھی تھی۔اس موقع پر 6ستمبر 1965کے شہداء کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکا ء نے کہا کہ ان شہدا ء نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں اور ان کی بہادری اور جرات پاکستان کی شاندار تاریخ اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ ان شہیدوں نے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو مضبوط کیا۔ شرکا ء نے 6ستمبر 1965کے شہداء ا ور شیخ تجمل الاسلام کی بلندی درجات کیلئے دعا کی
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرکاشیخ تجمل الاسلام کی پہلی برسی پر کشمیر کاز کیلئے گرانقدر خدمات پرخراج عقیدت








