اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم کیلئے اس وقت نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ نہیں صرف سیلاب زدگان کی مشکلات اور مدد ہے، نواز شریف کے بغیر ن لیگ کیلئے الیکشن جیتنا مشکل ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بڑا مسئلہ ڈیفالٹ کا تھا اسی لئے آئی ایم ایف کے پاس گئے، آئی ایم ایف نے کہا پیٹرول، بجلی مہنگا کرو پھر بات ہوگی، یو اے ای اور قطر نے مدد نہ کی ہوتی تو آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا، چین، قطر، یو اے ای اور سعودی عرب ہمارے ساتھ کھڑے رہے، ایک ایل سی کھلوانے کیلئے دوسرے ممالک جانا پڑتا تھا، پہلا ہدف ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا جو کرلیا، دوسرا ہدف مہنگائی کنٹرول کرنا ہے جس پر توجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتنا پیسہ آرہا اور کتنا جارہا ہے، روزانہ رپورٹ لیتا ہوں، کسی وزیر خزانہ نے درآمدات پر اتنی نظر نہیں رکھی ہوگی جتنی میں نے رکھی، وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف مہنگائی پر بہت پریشان ہیں، روپیہ کہاں پر رُکے گا اس پر کوئی دعویٰ نہیں کرسکتا۔
وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پلان کیا ہے کہ سولر کو کوئلے کا متبادل بنائیں، پورے سندھ میں گندم کی فصلیں خراب ہوگئیں، جب پانی نکلے گا تو نقصان کا صحیح اندازہ ہوگا، افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر آگیا، چین بھی پیاز اور ٹماٹر بھیج رہا ہے، مہنگائی کنٹرول کرنا ہمارا سب سے بڑا ٹارگٹ ہے۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کو کم از کم 10 ارب روپے کے صرف ٹینٹ دیئے گئے، وفاق اور صوبوں کے 400 ارب روپے صرف ریلیف پر خرچ ہوں گے، سیلاب کی وجہ سے کراچی سے سکھر تک ریلوے لائن خراب ہوگئی، سیلاب متاثرہ لوگوں کو 70 ارب روپے دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 اکتوبر کے بعد وزیراعظم کی صوابدید ہے مجھے مشیر بنائیں یا گھر بھیج دیں، وزیراعظم رکھنا چاہیں گے تو ٹھیک، ورنہ چلا جاؤں گا، میرے جانے کے بعد کوئی فرق نہیں پڑے گا، نواز شریف پوری پارٹی کے لیڈر ہیں، وہ کسی بھی وزیر کو گھر بھیج سکتے ہیں، پارٹی سمجھے گی کہ میں نے اچھا کام کیا تو رکھ لے گی۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کیلئے ابھی نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ ترجیح نہیں، وہ اس وقت سیلاب زدگان کی مشکلات اور مدد کا سوچ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہوسکتا ہے عمران خان ملک کو بینک کرپٹ کردیتا، جس نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا وہ میرٹ کی باتیں کرتا ہے، محمود خان، علی امین گنڈا پور جیسے لوگوں کو عمران خان لیکر آئے، شہزاد اکبر پاکستان سے بھاگ گئے، فرح خان بھی باہر جاچکی ہیں۔
ن لیگی رہنماء کا کہنا ہے کہ جو حب الوطنی کی بات کرتا ہے اس کی آڈیو آرہی ہیں، آئی ایم ایف سے متعلق شوکت ترین کی آڈیو ریڈ لائن تھی، آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ میں آڈیو کا کوئی ذکر نہیں ہوا، آئی ایم ایف بورڈ کے ممبران کو یہ بات معلوم تو ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار سے نکلنے کے بعد کیا لوگ بھول جاتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں، عمران خان کے بیان پر کابینہ اجلاس میں بات نہیں ہوئی، الیکشن کمپین میں بتائیں گے عمران خان ملک کیساتھ کیا کرکے گئے، نواز شریف کے بغیر الیکشن جیتنا مشکل ہے، نواز شریف جتنا جلد واپس آئیں گے پارٹی کیلئے بہتر ہے۔









