بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کی خاطر جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں’ خالد اقبال ملک

اسلام آباد (ممتاز نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک کی زیر صدارت دفاع پاکستان کے موقع پر تقریب کا انعقاد ہوا جس میں فائونڈر گروپ کی سینئر قیادت اور اراکین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر احمد ملک’ سابق صدور آئی سی سی آئی خالد جاوید’ میاں اکرم فرید’ ظفر بختاوری’ محمد اعجاز عباسی’ میاں شوکت مسعود’ اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہر محمود’ جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق’ چوہدری ندیم الدین’ ایگزیکٹو ممبر رانا قیصر شیراز’ سابق نائب صدر سیف الرحمن خان اور فائونڈر گروپ کے صدارتی امیدوار احسن بختاوری موجود تھے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فائونڈر گروپ کے چیئرمین اور سابق صدر آئی سی سی آئی خالد اقبال ملک نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قران پاک میں ارشاد ہے کہ شہداء کو کبھی مردہ نہ کہیں وہ ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں دفاع پاکستان ہم سب کا فریضہ ہے۔ پاک فوج نے 6ستمبر1965 کی جنگ میں جو کارنامے انجام دیئے تھے پوری دنیا میں اس کے چرچے ہوئے تھے ہم آج اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی بدولت آج ہم آزادی کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر احمد ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھ ستمبر کو جب بھارتیوں نے لاہور پر حملہ کیاتھا چھ گھنٹے تک رینجرز نے لاہور کا دفاع کیا شالیمار سے اومنی بس پر قبضہ کرکے دہلی لے گئے جبکہ بریگیڈیئر شامی فوج لے کر دفاع کے لئے پہنچے بی آر بی نہر پر میجر عزیز شہید نے دفاع کیا تھا اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا اور بعد ازاں نشان حیدر سے نوازا گیا۔ کیپٹن سرور شہید میجر سرور شہید نے بھی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت حاصل کی اور انہیں نشان حیدر سے نوازا گیا۔چھ ستمبر کی جنگ میں فضائیہ نے بھی کارنامے انجام دیے۔۔گروپ کیپٹن ایم ایم عالم نے ایک ہی پرواز کے دوران پانچ بھارتی طیاروں کو مار گرایا اور ریکارڈ قائم کیا آج بھی ان کا پوری قوم پر احسان مانا جاتا ہے ۔چھ ستمبر کو پاکستان کی تاریخ میں ایک یادگار کی حیثیت حاصل ہے۔۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسری فائونڈر گروپ کے نامزد صدارتی امیدوار احسن بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم یوم دفاع منا رہی ہے افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے چھ ستمبر1965ء کی جنگ میں قربانیاں پیش کیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے ساتھ ساتھ عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔ اس وقت عوام کا جو جذ بہ تھا آج بھی وہی جذبہ پاکستانیوں میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ قوم کے گلوکاروں نے ملی نغمے گا کر پاک فوج کے جوانوں کا لہو گرمانے میں کردار ادا کیا۔ کنونشنل وار میں انڈیا ہار گیا لیکن دشمن اپنے ارادے سے پیچھے نہیں ہٹا اور اب اس کی طرف سے ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے یہ سائبر وار سے پاکستان کو شکست دینا چاہتا ہے نوجوانوں کی اس وقت تربیت کی ضرورت ہے جبکہ بزنس کمیونٹی کو بھی دفاع پاکستان کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ سابق صدور خالد جاوید اور محمد اعجاز عباسی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ڈیفنس ڈے منا رہے ہیں یہ اﷲ تعالیٰ کی مہربانی اور پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت ہے ہم پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہر محمود’ جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق’ سابق صدر آئی سی سی آئی ظفر بختاوری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آج کا دن شہیدوں اور غازیوں کے نام کیا۔