بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

توشہ خانہ ریفرنس‘ اٹارنی جنرل الیکشن کمیشن اور اسپیکر کی معاونت کرینگے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے توشہ خانہ ریفرنس میں جمع کرائے گئے جواب پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی فل کورٹ اٹارنی جنرل آف پاکستان کی معاونت حاصل کریگی۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان 5اکتوبر کو توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران نہ صرف الیکشن کمیشن آف پاکستان بلکہ سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے دلائل دینگے۔ دریں اثناء سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد نے الیکشن کمیشن ٹریننگ اکیڈمی میں تین گھنٹے دورانئے کا لیکچر دینے کے بعد جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں اپنے وکیل کے ذریعے جو جواب جمع کرایا ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی فل کورٹ آئین اور قانون کے تحت اسے مسترد کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ 7ستمبر کو عمران خان کے بڑے وکیل سید علی ظفر نے جو جواب جمع کرایا‘ الیکشن کمیشن آف پاکستان اس میں علی ظفر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا ٹو دی پوائنٹ جواب لینے کیلئے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو طلب کر کے اُن سے قانونی معاونت لے گا۔ کنور محمد دلشاد نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے دیئے گئے جواب میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی قانونی رِٹ تک سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ عمران خان کے جواب میں الیکشن کمیشن کے آئینی و قانونی اختیارات کو چیلنج کیا گیا ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ سپیکر قومی اسمبلی آف پاکستان کے اختیارات کو بھی چیلنج کر دیا گیا ہے۔