بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی کابینہ کی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا کوئٹہ کا دورہ، مسنگ پرسنزکےلواحقین کا40 روز سے جاری دھرنا ختم کرادیا 

کوئٹہ(ممتازنیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی کابینہ کی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا کوئٹہ کا دورہ،لاپتہ افراد کے دھرنے میں بیٹھے لواحقین سے کامیاب مذاکرات ،40 روز سے جاری دھرنا ختم کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی نے کوئٹہ کا دورہ کیا ۔ کمیٹی میں سات جماعتوں کے پارلیمانی نمائندے اور وفاقی وزرا شامل ہیں ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے ساتھ لاپتہ افراد کے معاملے پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کابینہ کمیٹی مسئلہ کے حل کیلئے سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی ۔ ہم کوئٹہ مسنگ پرسنز کی فیملیز کے زخموں پر مرہم رکھنے آئے ہیں ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون نزیر تارڑ ، شازیہ مری ، آغا حسن بلوچ ، سینیٹر کامران مرتضیٰ بھی موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ دھرنا مظاہرین سے بار بار رابطہ کیا ۔ مطالبہ پر جوڈیشیل کمیشن بھی قائم کیا لیکن کوئی کمیشن کے روبرو پیش نہیں ہوا ۔ صوبائی حکومت معاملے کے حل میں مخلص ہے ۔ چیف سیکریٹری بلوچستان ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے اجلاس کو ایشو پر بریف کیا ۔کمیٹی کے اراکین لاپتہ افراد کے لواحقین کے دھرنے میں گئے اور انہیں مسئلے کے حل کے حوالے سے یقین دہانی کرائی۔
کوئٹہ میں میڈیا بریفنگ میں وزیرداخلہ نے اعلان کیا کہ دھرنے پر بیٹھے افراد نے مذاکرات کے بعد 40 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لاپتہ افراد کے مسئلہ کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ دھرنے پر بیٹھے افراد نے ہم پر اعتماد کیا ، ہم پورا اتریں گے ۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسنز کی فیملیز کے خدشات تحفظات دور کریں گے ۔ عدالتی حکم پر نہیں آئے ۔ مسنگ پرسنز سے متعلق کمیٹی حکومت کا فیصلہ ہے ۔ عمران خان کے حوالے سے سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا ملک میں سیلاب ہے اور عمران خان شرپسندی میں مصروف ہیں ۔عمران خان کے شر سے عدلیہ محفوظ ہے نہ ملک۔وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ کمیٹی تمام معاملات کے جائزہ کے بعد اس پوزیشن میں ہے کہ مسئلہ کا قابل عمل حل پیش کرے۔