بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات،سیلاب سے تباہی پراظہاریکجہتی ،مکمل تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں وفاقی کابینہ کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا ہے، جو کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہونے والی قدرتی آفت کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، بین الاقوامی برادری اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں 33 ملین سے زیادہ متاثرین کے لیے کی جانے والی وسیع امدادی کوششوں کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکرٹری جنرل گوتریس نے اس مشکل وقت میں پاکستان کا دورہ کر کے پاکستانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے فلڈ ریسپانس پلان کی فنڈنگ کے لیے اقوام متحدہ کی 160 ملین ڈالر کی “فلیش اپیل” سمیت بین الاقوامی امداد کو متحرک کرنے کے لیے سیکرٹری جنرل کی بھرپور حمایت کو سراہا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل کے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے دنیا بھر میں زبردست پیغام رسانی کی بھی تعریف کی جس میں سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے تعلق کو اجاگر کیا گیا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل کی قیادت اور بروقت مدد نے تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والے سنگین چیلنجوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی کاربن کے 1 فیصد سے بھی کم اخراج کے ساتھ، پاکستان گلوبل وارمنگ کے لیے سب سے کم ذمہ داروں میں سے ایک ملک ہے لیکن اس کے باوجود، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے پہلے دس ممالک میں شامل ہے ۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی انصاف کے جذبے کے تحت پاکستان کو عالمی برادری خصوصاً صنعتی ممالک کی طرف سے اس موسمیاتی آفت سے نبٹنے , بحالی اور تعمیر نو کے لیے تعاون کرنا چاہیئے۔ دونوں رہنماؤں نے سیلاب سے متاثرہ آبادی کی بحالی اور سیلاب سے تباہ ہونے والے علاقوں کی تعمیر نو کے لیے حکومت پاکستان کی منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کی بروقت مدد کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے مطابق حکمتِ عملی بنانے اور تخفیف کے مختلف منصوبوں سمیت مستقبل میں موسمیاتی اثرات سے نبٹنے کی حکمت عملی تشکیل دینے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے پاکستانی عوام کے لیے اپنی بے پناہ تعریف کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی طرف سے اپنے ہم وطنوں کی مدد کرنے اور کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں ان کی فراخدلی کے گواہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انھیں اس سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر بیحد افسوس ہے ۔ انہوں نے بین الاقوامی امداد کو متحرک کرنے سمیت پاکستان کو مکمل حمایت اور عزم کا یقین دلایا۔ سیکرٹری جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ یہ محض یکجہتی کا نہیں بلکہ انصاف کا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحالی اور تعمیر نو کے لیے درکار بڑے پیمانے پر تعاون کے علاوہ، موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کو سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ سیکرٹری جنرل گوٹیرس پاکستان میں تاریخی بارشوں اور سیلاب کے تناظر میں یکجہتی کے لیے دو روزہ دورے پر پاکستان ہیں۔ وزیراعظم اور سیکرٹری جنرل نے بعد ازاں نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (NFRCC) میں بریفنگ میں شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل اپنے دورے کے دوران سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کے جائزے کیلئے بھی جائیں گے۔