بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران اکثریت کھوچکے، ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کا اختیاربھی نہیں، مولانافضل الرحمان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اکثریت کھوچکے ہیں اور اب ان کے پاس ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کا اختیاربھی نہیں رہا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کےبعد وزیراعظم یا حکومت کسی قسم کا ٹرانسفر یا تقرری نہیں کرسکتے اور تحریک عدم اعتماد کے بعد وزیراعظم کا تبادلے یا تقرری کا حکم غیرآئینی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی پوسٹنگ اقربا پروری کی واضح مثال ہے، تحریک عدم اعتماد کے بعد فارن پوسٹنگ غیرقانونی اور غیراخلاقی ہے، تحریک عدم اعتماد کے بعد کسی قسم کی تقرری اور تبادلہ یا اسےواپس لینا غلط قدم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اکثریت کھوچکے ہیں، ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کا اختیاربھی ان کے پاس نہیں رہا، ایسے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کی جائے گی۔مولانا نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں امید رکھتی ہیں کہ عدالتیں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔