اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )بھکر سے تحریک انصاف کے ایم این اے افضل ڈھانڈلہ نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مجھے کہیں سے بھی پیسوں کی کوئی آفر نہیں ملی، میرے مسلم لیگ ن سے دیرینہ تعلقات ہیں جس سے انکار نہیں، اس وقت ملک کی داخلی، سیاسی اور معاشی حالت کی وجہ سے ہر پاکستانی پریشان ہے، ایک منتخب عوامی نمائندہ ایسے حالات میں کیسے لاتعلق رہ سکتا ہے، ان حالات میں اپنے ووٹ کا استعمال اپنے علاقے کے ووٹرزسپورٹرز اور عوام سے مشاورت سے کرونگا، میں کسی لالچ یا دباؤ میں نہیں اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کا استعمال کرونگا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہاؤس میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 12 اراکین قومی اسمبلی کے نام سامنے آئے تھے۔سندھ ہاؤس میں موجود پی ٹی آئی اراکین اسمبلی میں فیصل آباد سے راجہ ریاض، نواب شیر وسیر، مظفر گڑھ سے باسط سلطان بخاری، پشاور سے نور عالم خان، ملتان سے رانا قاسم نون، وجیہہ اکرم، احمد حسین ڈیہڑ، بہاولنگر سے غفار خان وٹو، راجن پور سے ریاض مزاری، ڈی جی خان سے خواجہ شیراز، حیدر آباد سے نزہت پٹھان، تھر سے رمیش کمار شامل تھے۔تحریک انصاف کے فیصل آباد سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی راجہ ریاض نے کہا تھا کہ کہ کسی نے پيسہ نہيں ديا،ہم نے ووٹ ضمير کے تحت دينا ہے۔ ہمارے ايم اين ايز پر تشدد ہوا اور تھانے لے گئے، پوری قوم کو پتہ ہے پوليس سے لاجز پر حملہ کرايا گيا۔ پی ٹی آئی کے 24 ارکان سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ سندھ ہاؤس میں ہیں تو کیا وہ پاکستان سے باہر ہے۔ حکومت تو بڑے رابطے کر رہی ہے لیکن اب وقت گزر گیا۔ پرویز الہٰی کی معلومات درست نہیں ہیں اور بھی لوگ آئیں گے۔
بھکر سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے بھی تحریک انصاف سے بغاوت کردی#SindhHouse pic.twitter.com/AMzuzMXqsu
— Urdu World Canada (@Urduworldcanada) March 18, 2022









