بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران، تیسرا نوٹس بھی بےاثر، دہشتگردی کیس میں شامل تفتیش ہونے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نظرانداز، ECPمیں آج توہین عدالت کی بھی سماعت

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جے ٹی آئی سربراہ کی جانب سے بھیجا گیا تیسرا نوٹس بھی بے اثر ثابت ہوا، سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دہشت گردی کیس میں شامل تفتیش ہونے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نظرانداز کر دیا.

سابق وزیراعظم کو اتوار کی شام 6بجے الزامات پر جواب کیلئے تھانہ مرگلہ طلب کیا گیا تھا، وہ مقدمے میں عبوری ضمانت پر ہیں۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان اور دیگر کی جانب سے الیکشن کمیشن کیخلاف توہین آمیز اور غیرپارلیمانی زبان کے استعمال کے کیس کی سماعت آج (پیر) کو ہوگی، نثار احمد درانی، شاہ محمد جتوئی، بابر حسین بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ خان پر مشتمل چار رکنی بنچ عمران خان، فواد چوہدری، اسد عمر کیخلاف کیس کی سماعت کریگا۔

تفصیلات کے مطاب سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان عدالتی حکم کے باوجود دہشت گردی کے مقدمے میں تیسری بار بھی طلبی کے باوجود پولیس کی جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ اس ضمن میں بتایا گیا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ ایس پی تفتیشی ونگ رخسار مہدی اور پوری ٹیم سابق وزیراعظم کا انتظار کرتے رہ گئے۔ پولیس نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پہلے طلبی نوٹس پر اپنے وکیل کے ذریعے بیان بھجوایا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قانون کے مطابق ملزم کوخود شامل تفتیش ہونا پڑتا ہے جبکہ عمران خان نے اپنے وکیل کے ذریعے بیان جمع کرایا تھا۔عمران خان کو جاری نوٹس کے متن میں کہا گیا ہےکہ عمران خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکرالزامات کاجواب دیں، انسداد دہشت گردی عدالت سے 12ستمبر تک عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا تھاکہ عبوری ضمانت حاصل کرنے کے مجاز عدالتی حکم باوجود آپ شامل تفتیش نہیں ہوئے، نہ ہی آپ نے وقوعہ کے بارے میں اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔

نوٹس کے متن کے مطابق آپ کو 9اور 10ستمبر کو بھی جے آئی ٹی نے مقدمے کی تفتیش کیلئے طلب کیا تھا، جے آئی ٹی آپ کی آمد کی منتظر رہی جبکہ آپ شامل تفتیش نہ ہوئے۔ جے آئی ٹی کے تیسرے نوٹس کے باوجود عمران خان پیش نہیں ہوئے۔

خیال رہے کہ جےآئی ٹی نےعمران خان کو اس سے قبل 9اور10ستمبرکوبھی طلب کیاتھا۔ ادھر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر کی جانب سے الیکشن کمیشن کیخلاف توہین آمیز اور غیرپارلیمانی زبان کے استعمال کے کیس کی سماعت آج (پیر) کو ہوگی۔