اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں بچاؤاورامداد کی کارروائیوں میں کینیڈا کے تعاون کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی وتعمیرنو کے مرحلے میں بھی عالمی تعاون درکار ہوگا ۔وزیراعظم سے کینیڈا کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر ہرجیت سنگھ سجن نے ملاقات کی ۔اس موقع پر شہبازشریف نے ایک ایسے وقت میں جب پاکستان سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نبرآزماہے ،دورہ کرنے پر ہرجیت سنگھ سجن کا شکریہ اداکیا۔ وزیراعظم نے انہیں سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بچاؤاور امداد کی کوششوں میں کینیڈا کی طرف سے یکجہتی اور تعاون کو سراہا۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کازہریلی گیسوں کے اخراج میں ایک فیصدسے بھی کم حصہ ہے لیکن اس کا شمارموسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہونے والے ملکوں میں ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی وتعمیرنو کے مرحلے میں بھی عالمی تعاون درکار ہوگا۔ کینیڈین وزیرنے سیلاب میں ہلاکتوں پر تعزیت کااظہارکیااور کہاکہ کینیڈاکی حکومت سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کےلئے پاکستان سے تعاون کرے گی۔
سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی وتعمیرنو کے مرحلے میں عالمی تعاون درکار ہوگا ،وزیراعظم








