اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اقتدار کی واپسی کے لیے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ’ایک طرف عمران خان اسٹیبلشمنت پر حملہ کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف اس سے مذاکرات کے دروازے کھولنے کی کوشش کر رہا ہے‘۔
خواجہ آصف نے یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب دو دن قبل ہی عمران خان نے گجرانوالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ کو خبردار کیا تھا کہ اگر غیر ذمہ دار حکومت میں ملک اور معیشت مزید تباہ ہوئی تو اس کی ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ ہوگی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ’گن پوائنٹ‘ یا طاقت کی بنیاد پر اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنا چاہتا ہے‘۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ عمران خان حکومت میں واپس آنا چاہتے ہیں چاہے وہ صحیح راستے سے ہو یا غلط، یہ اس کے اقتدار کی ہوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دباؤ کے حربے استعمال کر رہا ہے اور اقتدار سے نکالے جانے سے قبل وہ اسٹیبلشمنٹ کی تعریفیں کرتا تھا اور اس وقت اسٹیبلشمنٹ درست تھی مگر آج آپ (عمران) اس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حملہ کر رہے ہیں۔
وزیردفاع نے کہا کہ عمران خان کو جمہوریت کا مطلب تک پتا نہیں ہے، وہ سامراجی ذہن رکھنے والا انسان ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ان کی حمایت کرے۔
خواجہ آصف نے اسٹیبلشمنٹ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ 75 برس بعد اسٹیبلشمنٹ نے آئینی اور قانونی کردار اپنایا ہے اور یہ اہم بات ہے کہ بحیثیت سیاست دان ہم اس کردار کا تحفظ کریں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کسی شخص یا سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں بلکہ آئین کے ساتھ کھڑی ہے اور اللہ نے چاہا تو آنے والے وقت میں بھی اسٹیبلشمنٹ کا یہی کردار ہوگا اور ہم اس کردار کی حمایت کریں گے۔
عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائیوں پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حوالے سے قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا مگر عمران خان قانونی عمل میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ معاملہ عدالتوں میں آتا ہے تو عمران خان اپنے پسند کے فیصلے کروانا چاہتے ہیں، عمران خان نے ہم پر مقدمات بند کرنے کا الزام عائد کیا مگر وہ خود بھی اب وہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے لیے واحد ’ریڈ لائن‘ ملک، اس کا قانون اور آئین ہے اور عمران خان پچھلے چند مہینوں میں کئی بار یہ لائن عبور کر چکے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو تبدیل کرنے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے اور ہوم ورک مکمل ہے ۔ پنجاب میں تبدیلی سے سیاسی استحکام آئے گا۔ عوام سے کہتا ہوں کہ پٹرول اور بجلی کی بچت کریں۔ پٹرول کی بچت کیلئے پیدل اور سائیکل پر سفر کریں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ابھی نواز شریف وطن واپس نہیں آ رہے ہیں۔ حالات ٹھیک ہوں گے تو وطن واپس آئیں گے۔ میاں نوازشریف کی وطن میں موجودگی سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے حوصلوں میں اضافہ ہوگا۔ آرمی چیف کی تعیناتی کےحوالے سے بھی کچھ طے نہیں ہوا نہ ہی پراسیس شروع ہوا۔
عوام پٹرول کی بچت کیلئے پیدل اور سائیکل پر سفر کریں،خواجہ آصف








