ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) شنگھائی تعاون تنظیم کے رواں ہفتے ہونے والے اجلاس میں روسی صدر ولادیمر پیوٹن، چین کے صدر شی چن پنگ اور دیگر ایشیائی رہنما شریک ہوں گے، روس کے صدارتی دفتر نے کہا ہے کہ ایس سی او کا یہ اجلاس مغربی دنیا کا متبادل پیش کرے گی۔
روس کے صدر پیوٹن، چینی صدر شی جن پنگ ، انڈیا، پاکستان، ترکی، ایران اور کئی دیگر ممالک کے رہنما ازبکستان کے شہر سمر قند میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک ہوں گے جو جمعرات سے جمعے کے روز تک جاری رہے گا۔
روسی صدر کے مشیر برائے امور خارجہ یوری اوشاکوف نے ماسکو میں صحافیوں کو بتایا کہ ایس سی او مغرب پرست آرگنائزیشنز کا ایک حقیقی متبادل ہے۔
انہوں نے بڑے پیمانے پر ہونے والی جیوپولیٹیکل تبدیلیوں کے تناظر میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک ایک ہی ورلڈ آرڈر کیلئے متحد ہیں۔
ایس سی او دنیا کی سب سے بڑی آرگنائزیشن ہے جس میں کرہ ارض کی نصف آبادی شامل ہے۔









