اسلام آباد(شوبز ڈیسک) ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر کے ساتھ خاتون کی گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک ہونے پر خلیل الرحمان کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
خلیل الرحمان قمر نے ایک انٹرویو کے دوران لیک ہونے والے آڈیو سکینڈل پر خصوصی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایک بات سمجھنے کی ضرورت ہے، میں اس لیک ہونے والے آڈیو سکینڈل کے حوالے سے پہلا اور آخری انٹرویو دے رہا ہوں تاہم میں وضاحت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ شروع میں جب میں نے حقوق نسواں کے خلاف آواز اٹھائی تو انہوں نے مجھ سے بات نہیں کی اور مجھے ٹال دیا لیکن میرے خلاف پروگرامز لگائے اور ایک مقبول اینکر (عامر لیاقت) نے میری توہین کی، اللہ ان کی روح کو سکون دے کیونکہ انہوں نے بعد میں مجھ سے معافی مانگ لی تھی۔
خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ میں ایک گناہ گار انسان ہوں لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ اپنی بہتری کے لیے کام کرتا ہوں، صرف اللہ جانتا ہے کہ میں کون ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ آڈیو 3 سال پہلے لیک ہوئی تھی لیکن اس وقت اسے دبا دیا گیا اور اب دوبارہ لیک کی ہے، اسے ہائپ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ڈرامہ نویس کا کہنا تھا کہ کرپٹ لوگوں کے ساتھ کھڑا نہیں ہو سکتا، اپنے ملک میں اور اپنے تصور کے ساتھ کھڑا ہوں، میں بہت سے محاذوں پر لڑ رہا ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں منتخب ہوں اور ایسی سازشوں کا سامنا کروں گا تو اب یہ میری کردار کشی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر کی شادی شدہ خاتون کے ساتھ مبینہ آڈیو کال لیک ہو گئی تھی۔









