بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی کاموسمیاتی تباہی سے دوچار ممالک کے نقصان کے ازالے کے لئے بین الاقوامی فنڈ کے قیام کا باضابطہ مطالبہ

اسلام آباد(ممتاز نیوز)ایشیا پیسفک کی پارلیمان کے سیمینار کے کامیاب انعقاد کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ہدایت پر قومی اسمبلی آف پاکستان نے انٹر پارلیمانی یونین کو باضابطہ درخواست دے دی ہے کہ یونین روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں اگلے ماہ ہونے والے اپنے اجلاس میں یہ ہنگامی قرارداد منظوری کے لیے پیش کرے جس میں ترقی یافتہ ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث ترقی پزیر ممالک کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے ایک بین الاقوامی فنڈ قائم کریں۔یہ درخواست آئی پی یو کے سیکرٹری جنرل کے نام سیکرٹری قومی اسمبلی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کیا گیا ہے ۔ خط کے ہمراہ مجوزہ قرارداد کا متن بھی لف کیا گیا ہے جس میں عالمی برادری کی توجہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی جانب مبذول کروائی گئی ہے ۔ قرارداد کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کے بارانی علاقوں میں تباہی کن بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث پندرہ سو ہلاکتیں ہوئیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوئے جبکہ پاکستانی معیشت کو ہونے والے نقصان کا اب تک کا تخمینہ بیس ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ ایشیا پیسفک ممالک کے حالیہ سیمینار میں اسی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی عمارت ترقی پزیر ممالک کی تباہی پر استوار نہیں ہوسکتی۔ یاد رہے کہ کاربن کے بین الاقوامی اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن اس کا شمار ماحولیاتی آلودگی سے متاثرہ پانچ چوٹی کے ممالک میں ہوتا ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی کی اس تجویز کو جہاں ایشا پیسفک کے ممالک کی حمایت حاصل ہے وہاں آئی پی یو کے صدر دواندرے پچیہو بھی اس قرارداد کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔