اسلام آباد (ممتازنیوز) وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ دس لاکھ خاندانوں تک امدادی رقم پہنچانے کا ہدف مکمل کر لیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم فلڈ ریلیف کے تحت سیلاب متاثرین میں 25 ارب روپے تقسیم کی جاچکی ہے، اور فی خاندان 25 ہزار روپے کے حساب سے فراہم کئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندانوں تک امداد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے پہنچائی گئی۔
سندھ میں 5 لاکھ 99 ہزار خاندانوں میں 14 ارب 97 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم ہوئی۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے ایک لاکھ 27 ہزار متاثرہ خاندانوں کو 3 ارب 18 کروڑ روپے ملے۔
پنجاب کے ڈیڑھ لاکھ متاثرہ خاندانوں کے حصے میں 3 ارب 77 کروڑ روپے آئے، جب کہ خیبر پختونخواہ میں ایک لاکھ 22 ہزار خاندانوں کو 3 ارب 6 کروڑ روپے امداد دی گئی۔
وفاقی حکومت کی جانب امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ گزشتہ ماہ شروع ہوا تھا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں فی خاندان 25 ہزار روپے تقسیم کیے گئے، اور اب تک سیلاب زدہ 80 فیصد علاقوں میں امداد پہنچائی جاچکی ہے۔
وفاقی حکومت کا 10 لاکھ خاندانوں تک امدادی رقوم پہنچانے کا ہدف مکمل








