سکردو(ممتا زنیوز)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے سیلابی تباہ کاریوں کے متاثرین کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے ، وفاقی حکومت ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور متاثرین کے مشکلات پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے ،امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ذاہد اکرم درانی اورگورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کے اعتبار سے دنیا بھر میں ایک مقام رکھتا ہے اس سلسلے میں سیاحت کو مزید فروغ دینے کے لیئے وفاقی حکومت کے ذریعے بھرپور معاونت کریں گے تاکہ گلگت بلتستان کے باسیوں کو سیاحت کے شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کرسکیں اور قومی و بین الاقوامی سیاح گلگت بلتستان کے تمام خوبصورت وادیوں کا رخ کرسکیں۔گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کا گلگت بلتستان کا دورہ کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کو گورنر تعینات ہونے پر مبارکباد دی۔
حکومت گلگت بلتستان میں بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی








