حیدرآباد، ڈگری(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی سر زمین پر 120ملین ایکڑ فٹ پانی آیا ہے ، کہتے ہیں کہ ڈیمز بنادیں پانی کو گھمادیں ، مجھے یہ بتائیں کہ پانی کو کس طرح گھما سکتے ہیں ، یہاں 11سو ملی میٹر بارشیں ہو ئیں ، یہ غیر معمولی ہے ، سندھ میں جتنا پانی آیا ہے وہ20تربیلا ڈیم کے برابر ہے، عوام متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور خاص اور ٹنڈو الہ یار میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حکام کو متاثرہ علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل تیز کرنے، تعلیمی سلسلہ بحال کرنے اور بچوں کیلئے دودھ کا بندوست کرنے کی ہدایت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہیں سے بھی اگر خیمے ملتے ہیں تو وہ ہم خریدنے کے لئے تیار ہیں ، ہم نے اپنے لوگوں کو شیلٹر دینا ہے ہم نے راشن خریدنا ہے ہم نے ریٹ اور معیار دیکر سپلائی کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پر بہت بڑی آزمائش ہے اور میں خود سندھ بھر کا دورہ کررہا ہوں اورہم لوگوں تک پہنچ رہے ہیں ، میڈیا بتارہا ہے کہ لوگ تکلیف میں ہیں لوگ واقعی تکلیف میں ہیں ، میں کہتا ہوں میڈیا لوگوں کی تکلیف دکھائے ضرور دکھائے بالخصوص بے گھر افراد کی تکالیف دکھائے تاکہ لوگوں کو احساس ہو اور وہ زیادہ سے زیادہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں ، میڈیا کے لوگ ضرور تنقید کریں لیکن یہ زیادتی ہے کہ کسی ایک جگہ جاکر کہیں کہ یہاں کوئی نہیں پہنچا۔
سندھ میں 20 تربیلا ڈیم کے برابر 120 ملین ایکڑ پانی آیا، مراد علی شاہ








