اسلام آباد(ممتازنیوز) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز انتقال کر گئے۔طارق عزیز کئی ماہ سے علیل اور اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ خاندانی ذرائع نے پرویز مشرف کے سابق پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز کے انتقال کی تصدیق کر دی ۔ یاد رہے کہ طارق عزیز جنرل پرویز مشرف کے دور صدارت میں ان کے پرنسپل سیکرٹری رہے اور کچھ عرصہ قبل وہ صدر مشرف کی عیادت کے لیے دبئی بھی گئے تھے۔ سابق سینئر بیوروکریٹ طارق عزیز سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ،مسلم لیگ ق کے صدرچودھری شجاعت حسین اور سینیٹر دلاورعباس کے ہم جماعت بھی تھے ۔طارق عزیز کے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی قریبی تعلقات تھے اورچودھری برادران پر نیب کیسزکے خاتمے اور پرویزمشرف سے مفاہمت کے ذریعے اقتدار کی راہداریوں تک پہنچنے میں ان کا اہم کردارسمجھاجاتا تھا۔ اس کے علاوہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے دور میں بھارت سے مذاکرت کے دوران بیک ڈور ڈپلومیسی میں بھی طارق عزیز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔طارق عزیز بطور مشیر کے بھی سابق صدر مشرف کے ہمراہ ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ انہوں نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے سیکریٹریٹ کے عہدے سے اس وقت استعفیٰ دیا جب سابق صدر مشرف نے 18 اگست 2008 کو صدارت سے استعفیٰ دیا تھا۔ذرائع اس بات کا بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ اس وقت کے سیکریٹری طارق عزیز مبینہ طور پر بے نظیر بھٹو اور پرویز مشرف کے درمیان ہونے والے معاہدے کے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔ وہ طارق عزیز ہی تھے جنہوں نے بنیادی طور پر مشرف کو اس طرح کی ڈیل کیلئے راغب کیا تھا۔ادھر مسلم لیگ ق کے صدرچودھری شجاعت حسین وق لیگ کے دیگر رہنماؤں نے طارق عزیزکے انتقال پر اظہارافسوس کیا ہے۔
سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز انتقال کر گئے








