راولپنڈی(ممتازنیوز) یونیورسٹی آف ایگریکلچر ڈیرہ اسماعیل خان،آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن اور پیلیکن ٹورز کے درمیان سیاحت اور جنگلات کے بارے میں مفاہمت نامے پر دستخط ہو گئے۔گزشتہ روز ایوب نیشنل پارک راولپنڈی میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں کرنل (ر) وحید حامد ٹی آئی (ایم)، سی ای او پیلیکن ٹورز، ڈاکٹر سریر احمد ہیڈ آف فاریسٹری ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر یونیورسٹی ڈی آئی خان اور ایم سعود خان جنرل منیجر جے بی، آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن (اے ایچ ایف) نے ایم او یو پر دستخط کیے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی وی سی ایگری یونیورسٹی ڈی آئی خان اور بریگیڈیئر (ر) آصف اختر ایس آئی (ایم) ڈائریکٹر جنرل اے ایچ ایف بھی موجود تھے۔ ایم او یو پر دستخط کرنے کے بعد بڑھے ہوئے تعلقات سے دستخط کنندگان کو باہمی طور پر فائدہ پہنچے گا اور خاص طور پر ایکو ٹورازم، جنگلات، وائلڈ لائف اور پارک مینجمنٹ میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر ڈیرہ اسماعیل خان کے طلباء کے لیے نئے مواقع کھلیں گے۔ یہ تقریب پیلیکن ٹورز اور آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن کی جانب سے ایکو ٹورازم کی تعلیم اور سہولت فراہم کرنے اور مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء کو سستی سیاحت کی سہولیات اور تربیت فراہم کرنے کی جاری کوششوں کی نشاندہی کرتی ہے۔









