اسلام آباد(ممتازنیوز) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کے استعمال پر وزیراعلیٰ سمیت دیگر کے خلاف باضابطہ کیس چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کردی، واضح کر دیا کہ صوبائی حکومت نے معاونت نہ کی تومجبوراً ضمنی انتخابات ملتوی کرناپڑیں گے۔
خیبرپختونخوا کے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، وزیراعلیٰ محمود خان اور کابینہ ارکان طرف سے انتخابی جلسوں میں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال سامنے آیا ہے۔
معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں باضابطہ سماعت کا بڑا فیصلہ ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق کیس کی سماعت کیلئے فریقین کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کوالیکشن کمیشن کا پیغام پہنچا دیں۔ صوبائی حکومت نے معاونت نہ کی تومجبوراً ضمنی انتخابات ملتوی کرناپڑیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی واضح کیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔۔
الیکشن کمیشن کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیخلاف کیس چلانے کا فیصلہ








