لاہور(ممتاز نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی کوئی سیاست ہی نہیں ،کبھی امریکا کا خط اور کبھی کہتا ہے مجھے قتل کردیا جائے گا،ان گیدڑ بھبکیوںمیں کوئی نہیں آئے گا،اس بار اسلام آباد میں حملہ کرنے کی کوشش کی تو پکڑے جانے کا زیادہ امکان ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان اگر25مئی کی دھمکی نہ دیتا تو شاید حکومت کا الیکشن کی تاریخ سے متعلق فیصلہ مختلف ہوتا،اس قسم کی گفتگو نے اب تک اسے الیکشن کی تاریخ نہیں دی،عمران خان کے پیچھے صرف اس کی حماقت اور پاگل پن ہے،پرویز الٰہی بھی ان سے تنگ ہیں ان کے ساتھ کوئی بندہ نہیں چل سکتا۔انہوں نے کہا کہ اس کے پاس کون سی چیز ہے کہ ہمیں مجبور کرے اور ہم الیکشن کی تاریخ دیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر یہ چڑھائی کریں گے تو ہم ان سے زیادہ طاقت کے ساتھ کریں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے معاملے میں 63اے کا معاملہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے،پلاننگ ہورہی ہے ، سوچا جا رہا ہے اور معاملات آگے بڑھائے جا رہے ہیں،جس وقت نوازشریف کا آنا ہمارے لئے سیاسی طور پر فائدہ مند ہوگا وہ آئیں گے ۯ۔









