اسلام آباد(ممتازنیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر سیاسی قیادت اور معاشی ٹیم کا اجلاس ہو جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر،مرکزی سینئر نائب صدور فواد چوہدری اور ڈاکٹر شیریں مزاری اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین سمیت دیگر کی شرکت،اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور ابتر معاشی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،شوکت ترین کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو ملکی معیشت کو بہتری کی راہ پر ڈالنے اور غریبوں کو معاشی تباہی کے بدترین اثرات سے محفوظ رکھنے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر شوکت ترین کی سربراہی میں سیاسی اور معاشی ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کی گئی جو آئندہ چند روز میں پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کی معاشی قیمت کے متعلق عمران خان کو آگاہ کرے گی،کمیٹی موجودہ معاشی بحران اور اس سے نکلنے کا جامع طریقہ کار بھی تجویز کرے گی،کمیٹی غریب اور نادار طبقہ کو معیشت کے بدترین اثرات سے بچانے اور ان کی امداد کے طریقہ کار بھی تجویز کرے گی،کمیٹی توانائی،صنعت، سماجی بہبود،تجارت،زراعت سمیت دیگر 17 شعبوں کے ماہرین سے خدمات لے گی۔اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ اچھی بھلی مستحکم اور ترقی کرتی معیشت کو بیرونی سازش کے ذریعے تباہی کے گھاٹ اتار دیا گیا، ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کر کے بغیر تیاری کے نااہل اور نالائقوں کے ٹولے کو مسلط کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ دیوالیہ پن کے کنارے پر کھڑی معیشت کو ساڑھے 3 برس میں استحکام کی دہلیز پر لانے کے لئے کی جانے والی محنت کو ہفتوں میں برباد کر دیا گیا۔عمران خان نے کہاکہ آج عوام کا بڑا حصہ بدترین مہنگائی،بجلی کی ہوشربا قیمتوں اور معیشت کی سست روی کی بھینٹ چڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف معیشت کی بحالی کا مکمل روڈ میپ تیار کرے گی اور اپنے غریب طبقے کو بچانے کے لئے سوچ بچار کریں گے۔عمران خان نے کہاکہ ملک کو معاشی تباہی کی دلدل سے نکالنے کا واحد رستہ صاف شفاف فوری انتخابات ہے۔
معاشی بحران سے کیسے نکلا جائے؟ عمران خان نے ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم بنادی








