بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خفیہ مذاکرات:پاکستانی سفارتی وفداسرائیل پہنچ گیا،یروشلم پوسٹ کا دعویٰ

تل ابیب(ممتازنیوز) اسرائیلی اخبار’’یروشلم پوسٹ‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیاکے سفارتی وفود خفیہ مذاکرات کیلئے اسرائیل پہنچے ہیں اور پاکستانی وفد کی اسی ہفتے صدر اسحاق ہرزوگ ملاقات طے ہے۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے دورے پر موجود پاکستانی وفد کی قیادت پاکستانی نژاد امریکی نسیم اشرف کررہے ہیں جو پرویزمشرف کے دورحکومت میں وزیرمملکت اورپاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی رہے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل پہنچنے کے بعد پاکستانی وفد کے پورے اسرائیل کے دورے کرائے گئے اور اب ان کی اسی ہفتے صدراسحاق ہرزوگ سے ملاقات بھی طے ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستانی وفد میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی بھی شامل ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق پاکستانی وفد کا یہ دورہ ثقافت، سیاحت اور جیو پالیٹکس کے تناظر میں ہے ۔ادھر اسرائیل کا دورہ کرنے والے انڈونیشیا کے وفد کی قیادت ایک اعلیٰ سرکاری عہدےدار کررہے ہیں۔ رپورٹ کےمطابق دنیا کے دوبڑے مسلمان ملکوں کے سفارتی وفود کی اسرائیل میں موجودگی کی یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور انڈونیشیا کے تعلقات میں حال ہی میں گرمجوشی ہے۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق  دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے رواں سال کے آغاز سے وزارت خارجہ کی سطح پر خفیہ مذاکرات جاری تھے،گزشتہ برس اگست میں بھی انڈونیشیا کے سرمایہ کاروں، تاجروں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین پر مشتمل ایک وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا ۔گزشتہ چند ماہ کے دوران ہونے والی ملاقاتیں،بیانات اور رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ اسرائیل اور انڈونیشیا تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے ساتھ ایکدوسرے کے قریب آئے ہیں۔امریکہ کے وزیرخارجہ انتھونی بلنکن نے بھی گزشتہ سال دسمبرمیں جکارتہ کے دورے کے دوران اسرائیل اور انڈونیشیاکے تعلقات میں بہتری کا امکان ظاہرکیاتھا۔تاہم پاکستانی وفود کے مبینہ دورہ اسرائیل کے حوالے سے فوری طور پر حکومت یا دفترخارجہ کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے نہ ہی اسرائیلی حکومت کی طرف سے اس کی تصدیق یا تردیدکی گئی ہے۔ خیال رہے کہ رواں برس اسرائیلی صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اپریل کے آخر اور مئی کے شروع میں اسرائیلی سرزمین پر ایک پاکستانی وفد سے ملاقات کی تھی تاہم اس وقت وزارت خارجہ نے کسی بھی پاکستانی وفدکی اسرائیلی دورے کی تردیدکی تھی۔