لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے پنجاب حکومت کی تبدیلی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ گیم پلان تیار ہے اور سب جانتے ہیں ، کیا وجہ ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس چلتا ہی جا رہاہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کو بولنے کے علاوہ کوئی کام نہیں ، عمران خان کی 21 سال کی سیاست میں قوم کو کیا ملا؟ ، انہوں نے امریکی فرموں سے اپنے لئے لابنگ کرائی ، وہ اپنے جھوٹ کا سامنا کرنے کی ہمت بھی نہیں رکھتے ۔ ان کی پھیلائی تباہی سے ملک نہیں سنبھل رہا ، یہ غداری کے سرٹیفکیٹس بانٹتے ہیں ۔
رانا مشہود نے کہا کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کی ، توشہ خانے میں چوری کی ، گندے پیسے کی بنیاد پر قوم میں انتشار پھیلا رہے ہیں ، شہباز گل کو لیگل نوٹس بھجوادیا ہے اس کا پیچھا کریں گے ، بھاگنے نہیں دیں گے ، شہباز گل لیگل نوٹس کا جواب 14 روز میں دیں ۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر سے متعلق سوال پر رانا مشہود کا کہنا تھا کہ سی سی پی او کی مدت ملازمت صرف4ماہ باقی ہیں ، وہ جاتے جاتے اپنی عزت کا بھی خیال نہیں کر رہے ۔









