بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عالمی برادری پاکستان کے قرضے معاف کرانے کیلئے کرداراداکرے، کسانوں کے مطالبات تسلیم کئے جائیں،ابراہیم مغل

اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان ایگری فورم کے چیئرمین ابراہیم مغل نے کہاہے کہ سیلاب کی المناک تباہ کاریوں کے باعث پاکستان قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا ، پاکستانی عوام عالمی رائے عامہ سے اپیل کرتے ہیں کہ پاکستان کو قرضے دینے والے ملکوں اور مالیاتی اداروں پر دباؤ ڈالے کہ پاکستان کے قرضے معاف کیے جائیں،کسانوں کے مطالبات جائز،حکومت ان کی مشکلات کا ادراکر ے۔اپنے ایک انٹرویو میں ابراہم مغل نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیان کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان میں جو تباہی آئی ہے اس کی ذمہ داری دنیا کے صنعتی ممالک پر عائد ہوتی ہے ان ممالک کو اپنی ذمےداری قبول کرنی چاہیےکیونکہ پاکستان کو تقریباً پچیس سے تیس ارب ڈالر کا حالیہ سیلابوں سے نقصان ہوا ہے، کروڑوں سیلاب متاثرین کے ریلیف اور بحالی کے لیے دل کھول کر مالی امداد کرنی چاہیے کیونکہ اکیلا کوئی بھی ملک ایسی غرق کرنے والی آفات سے نبردآزما نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہاکہ جن ممالک اور مالیاتی اداروں نے پاکستان کو قرضے دے رکھے ہیں وہ انسانی ہمدردی کے پیش نظر قرضے معاف کر دیں ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے لیڈروں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ ذاتی مصلحتوں سے اوپر اٹھ کر قرضوں کی معافی کے لیے توانا تحریک چلائیں تاکہ پاکستان کو قرضوں کے شکنجے سے آزاد کرایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی قوم و عوام کا شعور اور نظام کو بدلنا ہوگا ،ملک میں عدل کے نظام کو مزید موثر بنانا ہوگا ملکی ادارے جو قومی دولت اور وسائل کا بے دریغ استعمال کرتے اور اسے دن رات لوٹتے ہیں ان اداروں کو بھی لگام ڈالنا ہوگی ملک میں جدید ٹیکنالوجیز لانا ہوں گی آئی ٹی شہر کا قیام زراعت اور لائیو سٹاک میں چالیس سے ساٹھ فیصد تک پیداواری اضافہ کرنا ہوگا ریاستی غیر ترقیاتی اخراجات میں چالیس فیصد کمی کرنا ہوگی ۔اسلام آباد میں کسانوں کے احتجاج سے متعلق ابراہم مغل نے کہاکہ سیلاب میں کسان شدید متاثر ہوئے ہیں ،حکومت ان کے جائزمطالبات کو تسلیم کرے۔