کوئٹہ (ممتا زنیوز)بارش اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والے 245 افراد کے ورثا کو معاوضہ ادا کردئیے گئے ہیں ۔ دوسری جانب اموات بھی بڑھ کر 310 ہوگئیں ہیں ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان نصیر احمد ناصر نے ڈیرہ مراد جمالی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے معاوضوں کی ادائیگی اور اموات کی تصدیق کردی ۔ زخمیوں کی تعداد 181 ہے ۔ اب تک کے پی ڈی ایم اے سروے کے مطابق سیلاب سے ایک لاکھ 90 ہزار مکانات متاثر ہوئے ۔ 65 ہزار مکانات مکمل تباہ ہوئے ۔ 9 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی بھی متاثر ہے ۔ 2 ہزار 198 کلومیٹرز پر سڑکیں اور 24 پل بھی متاثر ہیں ۔ متاثرہ علاقوں میں فلاحی تنظیموں کی طرف سے امدادی سامان کی ترسیل بھی جاری ہے ۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں آرمڈ فورسز کے جوان ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہیں ۔ کوہلو ، جعفر آباد ، سبی ، ڈیرہ مراد جمالی ، نصیرآباد ، صحبت پور اور جھل مگسی میں 14 ریلیف کیمپس سے متاثرین کو تیار کھانا فراہم کیا جارہا ہے ۔ کوئٹہ ، چمن ، نوشکی اور دالبندین میں 8 کلکشن پوائنٹس بھی قائم کردئے گئے ہیں ۔ صحبت پور میں ایف سی سوئی رائفل 53 ونگ کی طرف سے بھی متاثرین کو خشک راشن اور مچھردانیاں تقسیم کی گئیں ۔جروار پل سے لیکر کوسہ ہاوس صحبت پور تک ٹینٹ ولیجز اور روڈ کے کناروں پر بیٹھے سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیاگیا ۔
سیلاب سے جاں بحق 245 افراد کے ورثا کو معاوضہ ادا کردئیے گئے ، ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان








