نیویارک(ممتازنیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا ہے۔
پاکستان کی سربراہی میں جی 77 ممالک کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان میں 3 کروڑ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے، پاکستان کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے ترقی یافتہ ممالک سے اپیل کی کہ وہ ترقی پذیر ملکوں میں عوام کی فلاح کیلئے کردار ادا کریں۔ پاکستان کا ایک تہائی رقبہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مشکل گھڑی میں اقوام متحد کے سیکریٹری جنرل کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کی مدد کی جائے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے ماحول دوست توانائی کے ذرائع اختیار کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے مالیاتی نظام کو پائیدار اور ترقیاتی اہداف کے مطابق بنایا جائے، ترقی یافتہ ممالک کو 2050 سے پہلے کاربن اخراج ختم کرنے کے ہدف پر گامزن ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ چین سمیت جی 77 ممالک باہمی تعاون کو فروغ دینے کی بہترین پوزیشن میں ہیں۔ پاک بھارت تعلقات مستحکم ہونے کے بعد ہی ہم جنوبی ایشیا میں معاشی تعاون پر توجہ دے سکتے ہیں۔
موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کی مدد کی جائے ، بلاول بھٹو








