اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ سیاسی لیڈر شپ کو سیاسی استحکام کیلئے مذاکرات کرنا ہونگے۔سیاسی مسائل کا حل مذاکرات سے ہی نکل سکتا ہے۔
اسلام آباد میں نویں بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے تمام مندوبین کو خوش آمدید کہا ۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس سے پاکستان کے عدالتی نظام کو مزید بہتربنانے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے ، یوسف رضا گیلانی کے کیس میں آئین کی پاسداری کی گئی ،آئین پاکستان میں عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ، عدالت نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیکر آئین کا نفاذ کیا۔ڈپٹی اسپیکر پنجاب نے آئین سے متصادم رولنگ دی۔
سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کی تحلیل اور ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کوغیر آئینی قرار دیا۔ عدم اعتماد کی تحریک میں قومی اسمبلی کو تحلیل کردیا گیا۔ سستا اور فوری انصاف ہماری ترجیح ہے۔ گڈ گورننس بھی قانون کی بالادستی کا ایک اہم جزو ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے پاکستان میں شدید تباہی آئی ہے ، سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا کرنے کےلئے بھی عدلیہ کردارادا کر رہی ہے ۔









