بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسحاق ڈار5 سال بعدخود ساختہ جلاوطنی ترک کرکے وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے 

اسحاق ڈار5 سال بعدخود ساختہ جلاوطنی ترک کرکے وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد(ممتازنیوز)نامزدوزیرخزانہ اسحاق ڈارپانچ سال بعدخود ساختہ جلاوطنی ترک کرکے وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف پیر کی شب امریکہ اور برطانیہ کے دورے سے واپس اسلام آبادپہنچے۔وزیراعظم اور ان کا وفد خصوصی طیارے میں لندن سے اسلام آبادپہنچا،نامزدوزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔خصوصی طیارے نے نورخان ایئربیس پر لینڈ کیا ۔قبل ازیں اسحاق ڈار وطن واپسی کیلئے اپنے بیٹے علی ڈار کے ہمراہ لوٹن ایئر پورٹ پہنچے تھے۔
لندن میں وطن واپسی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مجھ پر قائم کیا گیا کیس جعلی تھا، میں نے کبھی انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں تاخیر نہیں کی، اللہ کاکرم ہے کہ جس دفتر سے نکل کر علاج کے لئے آیا تھا اسی دفتر میں واپس جارہا ہوں۔
اسحاق ڈار نے اپنی ترجیحات بتاتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں شرح سود کم اور شرح نمو زیادہ تھی، 4 سال میں پاکستان جس مشکل سے گزرا کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، ہمیں اپنی معیشت کو سنبھالنا اور اسے درست سمت کی جانب گامزن کرنا ہے، کوشش ہوگی پاکستان کی گرتی معیشت کو دوبارہ بہتری کی جانب لے جائیں۔

وطن واپسی پر اسحاق ڈار نے کہاکہ اللہ کے فضل سے اپنے وطن واپس آگیاہوں، قائد نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف نے وزیرخزانہ کی ذمہ داری ہے، پاکستان کو معاشی بھنورسے نکالنے کی پوری کوشش کریں گے،98اور 2013میں بھی پاکستان کو معاشی بھنورسے نکالاتھا۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار منگل کو سینیٹ کی رکنیت اور وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔
مفتاح اسماعیل نے وزیر خزانہ کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ جمع کرادیا ہے اور اب اسحاق ڈار دوبارہ وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلف نہ اٹھانے کی بنیاد پر اسحاق ڈار کی سینیٹ نشست خالی قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسحاق ڈار کے وکیل سلمان بٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے 2 ماہ میں حلف نہ اٹھانے پر نااہلی کی شق نکال دی گئی ہے، تحریک انصاف حکومت کا جاری آرڈیننس ہی غیرآئینی تھا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسحاق ڈار کی وطن واپسی کو ڈیل کا نتیجہ قرار دیا ہے۔