بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک فوج سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف، بڑے پیمانے پر راشن کی تقسیم

راولپنڈی: سیلابی تباہ کاریوں کے باعث پاک فوج اور آرمی ایوی ایشن ملک میں سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سندھ میں پاک فوج کی انتھک اور مسلسل امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا، بڑے پیمانے پر راشن تقسیم کیے اور دیگر اشیاء بھی فراہم کیں۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مٹیاری، خیرپور ناتھن شاہ، ٹھٹھہ، بدین، دادو، سیہون، ٹنڈو محمد خان اور عمرکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی کے جوانوں نے کئی میڈیکل کیمپس لگائے اور سیلاب زدگان کو مفت ادویات بھی فراہم کیں جبکہ پاک فوج کے جوانوں نے کشتیوں کے ذریعے راشن کی فراہمی کی۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ سندھ کے تمام سیلاب متاثرین میں مچھر دانیاں، پکا پکایا کھانا اور بچوں کا دودھ بھی گاؤں گاؤں پہنچایا۔

سندھ حکومت کا سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

گزشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس لاکھ روپے مالی مدد دینے کا اعلان کیا گیا۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبہ سندھ میں سیلابی صورتحال پر رلیف کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے پانی کم ہورہا ہے لوگ اپنے گھروں کو جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ان کو ٹرانسپورٹ بھی مہیا کررہی ہے اور متاثرین کو راشن بیگ بھی دیئے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 3.14 ملین لوگوں کو محکمہ صحت کی جانب سے سہولیات دی گئی ہیں جبکہ محکمہ صحت دوائوں کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے، آٹے کے اسٹال سندھ حکومت لگانے جارہی ہے جس کے لئے پوش علاقوں میں نہیں غریب علاقوں کی نشاندھی کی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے بتایا کہ سیلاب کے دوران جن کے گھر گرے ہیں بنا کردیئے جائیں گے اور کسانوں کے قرضوں کوری شیڈول کرنے کا بینکس کو کہا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ تباہی سندھ میں ہوئی ہے تاہم دنیا ہماری مدد کے لئے آگے آئے۔