بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھاری بھرکم کابینہ کیخلاف پٹیشن پر اسلام آباد ہائیکورٹ شیخ رشید پر برہم، جرمانے کا انتباہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) 72 رکنی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیخ رشید احمد پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جرمانہ عائد کرنے کا انتباہ دیا ہے۔

نجی ٹی وی  کے مطابق عدالت عالیہ میں شیخ رشید کی جانب سے بھاری بھرکم وفاقی کابینہ کی تشکیل کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے سیاسی نوعیت کی پٹیشن عدالت لانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شیخ رشید کو تنبیہ کی کہ آئندہ ایسی پٹیشن لائے تو مثالی جرمانہ عائد کریں گے۔

دوران سماعت شیخ رشید اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ 72 رکنی کابینہ آئین کے آرٹیکل 92 کی کلاز 1 اور آرٹیکل 92 کی کلاز 1 کی خلاف ورزی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پارلیمان کی مزید بے توقیری نہ کریں۔ یہی مائنڈ سیٹ ہے جس نے پارلیمنٹ کو نقصان پہنچایا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس سلسلے میں عدالت کے سوا ہمارے پاس اور کوئی فورم نہیں ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس پارلیمنٹ کی بے توقیری بہت ہو چکی، ایسی پٹیشن عدالت نہیں آنی چاہیے۔ پارلیمنٹ میں منتخب نمائندے ہیں۔ وہ فورم ہے۔ عدالت مداخلت نہیں کرے گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پٹشنر جب حکومت میں تھے تو کیا آپ نے وہ معاونین خصوصی اور مشیروں کی لسٹ لگائی ہے ؟ ۔ شیخ رشید وزیر داخلہ تھے، کیا انہوں نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، ان کو اندازہ نہیں وہاں ہو کیا رہا ۔یہ کورٹ پارلیمنٹ کا بھی احترام کرتی ہے غیر ضروری ایگزیکٹو کے اختیارات میں بھی مداخلت نہیں کرتی۔ اگر آپ کا کوئی انفرادی بنیادی حق متاثر ہورہا ہے تو ضرور عدالت آئیں لیکن اس طرح نہیں ۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ یہ آپ کی بے بنیاد پٹیشن ہے، آپ کو جرمانہ بھی کر سکتے تھے لیکن تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ جو بھی مقابلہ کرنا ہے جائیں پارلیمنٹ میں ، پارلیمنٹ سے بڑا فورم اور کوئی نہیں ہے ۔ حکومت کا احتساب پارلیمنٹ خود کرتی ہے۔ آپ عدالت کو پارلیمنٹ کے احتساب میں کیوں لا رہے ہیں۔ شیخ صاحب عدالتوں کو ان سیاسی معاملات سے دُور رکھیں۔

بعد ازاں شیخ رشید کی جانب سے استدعا کی گئی کہ پٹیشن واپس لے لیتے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس حوالے سے مناسب آرڈر پاس کریں گے۔ ماضی میں عدالتوں کا غلط استعمال کیا گیا، اب اس کو ختم ہونا چاہیے۔ سماعت کے بعد شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ ہر مسئلے میں عدالت کو نہ گھسیٹیں۔ آپ رکن پارلیمنٹ ہیں پارلیمان میں واپس جائیں۔ اس موقع پر صحافی کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ پارلیمنٹ میں نہ جانے کا فیصلہ عمران خان ہے۔