بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کو آڈیولیکس پر تشویش،اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنانے کااعلان

اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنانے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کےسربراہی اجلاس اور دورہ برطانیہ و امریکا سے متعلق آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں چین اور روس کے صدور سے ملاقاتیں ہوئی، اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران بھی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات میں پاکستان سے ہمدردری اور امداد پر شکریہ ادا کیا، اس دوران بلاول بھٹو زرداری ، شیری رحمان اور مریم اورنگزیب کی بھرپور معاونت شامل تھی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب کی وجہ سے 30 ارب ڈالر تک تباہ کاریاں ہوئی ہیں، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، عالمی رہنماؤں نے پاکستان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ہم نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے بھرپور مؤقف پیش کیا، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کی بھرپور مذمت کی۔
تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سابق دور میں خارجہ پالیسی کا بیڑا غرق کیا گیا، دوست اور برادر ممالک کو ناراض کیا اور اس بات کا میں گواہ ہوں۔ پاکستان مخلوط حکومت کی کاوشوں سے آئسولیشن سے نکل آیا، دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سےنہیں دیکھ سکتا۔
آڈیو لیکس سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ آڈیولیکس کامعاملہ بہت سنجیدہ ہے، اس طرح کے سیکیورٹی بریچ بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں، یہ وزیراعظم ہاؤس کی نہیں ریاست پاکستان کےوقارکی بات ہے، اس معاملے پر کمیٹی بنارہا ہوں، جو اس معاملےکی تہہ تک پہنچےگی، حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔