بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انفارمیشن کمیشن نے کابینہ ڈویژن سے توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق نئی پالیسی طلب کرلی

 اسلام آباد(ممتازنیوز) پاکستان انفارمیشن کمیشن نے کابینہ ڈویژن سے توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق نئی حکومتی پالیسی طلب کر لی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان انفارمیشن کمیشن نے توشہ خانہ عملدرآمد کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔
چیف انفارمیشن کمشنر محمد اعظم کی سربراہی میں انفارمیشن کمشنرز فواد ملک اور زاہد عبداللہ پرمشتمل تین رکنی کمیشن نے زاہد عبداللہ کی جانب سے دائر کیس کی سماعت کی توکابینہ ڈویژن کے حکام کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔
اس دوران کمیشن نے کابینہ کے حکام سے استفسار کیا کہ کیا نئی پالیسی کا اطلاق ماضی سے کیا جاسکتا ہے؟ممبر کمیشن فواد ملک کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کا اطلاق پرانے فیصلوں پرنہیں ہوسکتا۔
چیف انفار میشن کمشنر محمد اعظم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تو اپنے تحفے جمع کرادیئے ہیں،معلومات کو چھپانا درست عمل نہیں، 29 جون کے حکم پر ابھی تک عمل نہیں ہوا۔
کابینہ ڈویژن کے حکام نے کہاکہ پالیسی کے ماضی سے اطلاق کے بارے میں منظوری کے بعد پتہ چلے گا۔
بعد ازاں کمیشن نے اس کیس کو توشہ خانہ کے دیگر مقدمات کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے تمام مقدمات کی سماعت چھ اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی ۔