بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب سے متاثر پاکستانی گلوبل وارمنگ کی قیمت چکارہے ہیں، بلاول

واشنگٹن(ممتازنیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی گلوبل وارمنگ کی قیمت چکا رہے ہیں۔
واشنگٹن کے ولسن سینٹر میں مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کا پانی خشک ہونے میں ابھی وقت لگے گا، سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد براہ راست متاثر ہوئے، وبائی امراض پھیلنے سے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوا، 40 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثر پاکستانی گلوبل وارمنگ کی قیمت چکارہے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، پاکستان کا ماحول دشمن گیسز کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔
عالمی برادری سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا بھی کہنا ہے کہ یہ امداد کا نہیں بلکہ معاشی انصاف کا معاملہ ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کل کسی اور ملک کو موسمیاتی تبدیلی سے قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے کردار ادا کرے۔