اسلام آباد: نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )مریم نوا ز کا کہنا ہے کہ الحمداللہ آج نواز شریف کو اللہ نے سرخرو کیا ، عمران خان آج جھوٹا ثابت ہوا ہے، جھوٹ کا اختتام ایسا ہی ہوتا ہے جیسے آج ہوا , نواز شریف بہت جلد پاکستان آئیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس سے بری ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عدالت کے فیصلے کے بعد میں اپنے وکلاء اور ان کے ٹیم کا شکریہ ادا کرتی ہوں، 6 سال بعد آج فیصلہ آیا ہے اتنا کڑا احتساب پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی لیڈر کا نہیں ہوااور کوئی لیڈر ایسا نہیں آیا جو اس طرح سے ان سب سے سرخرو ہوا ہو ۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہا تھا کہ میں اس احتساب کا سامنا کروں گا ، میرا خاندان بھی اس احتساب کا سامنا کرے گا اور آج اس احتساب سے ہم بری ہوئے ہیں۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں عمران خان سے پوچھنا چاہوں گی کہ اللہ نے تمہیں جھوٹا ثابت کیا ہے اب کیا کرو گے ، میں ان سے کہتی ہوں جس طرح اسحاق ڈار واپس آئے ہیں،اسی طرح نواز شریف بھی بہت جلد واپس آئیں گے ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف جلد واپس آ رہے ہیں، نواز شریف کو ہٹانے والے سازشی اب کہی دور بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار میں آیا اور نواز شریف کو فاول پلے کر کے باہر نکالا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ، جھوٹا ، سازشی اور مکار شخص ہے کیونکہ کھیل کھیل میں وہ ملک نگل گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو قذافی اسٹیڈیم سمجھ لیا ہے، کیا قومی سلامتی ، ملکی مفادات ، فارن پالیسی کھیل ہے ؟
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے جعل سازی ، مکاری کرکے پورا ڈرامہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کیس عدالتوں میں چلتا رہا تو میرے زبان پر تالا لگا رہا، کچھ نہیں بولا ، اب فیصلہ آیا ہے ، اس پر ایک سے دو دنوں میں تفصیلی پریس کانفرنس کرونگی۔ عدالت نے اس شخص کو جھوٹا ثابت کردیا۔
مریم نواز نے کہا کہ اسحاق ڈار کو دیکھ لیں جس وزیر اعظم کے جہاز پر گئے تھے اللہ نے انھیں اسی وزیر اعظم کے جہاز پر واپس لایا ۔ جنھوں نے الزام لگایا ان کے صدر نے حلف لیا اور آب و تاب سے وزیر خزانہ ہیں۔









