اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی سفارتخانے اسلام آباد میں پاک امریکہ تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم، وفاقی وزراء کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پاکستان کے سیلاب زدگان سے یکجہتی کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ سیلاب کے دوران امریکا، پاکستان مضبوط دوستی کی عکاسی 6 کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر سے زائد کی حالیہ معاونت سے ہوتی ہے، امریکی عوام پاکستان کے ساتھ مستقل کھڑے ہیں، ہم مشکل ترین حالات میں وہ کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک دوست کو ادا کرنا چاہئے۔
ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ گزشتہ پچھتر برسوں میں امریکا اور پاکستان نے باہمی احترام، مشترکہ مقاصد کی بنیاد پر تعلقات قائم کیے،کئی دہائیوں تک 32 ارب ڈالر کی امریکی اعانت نے پاکستان کے عوام کی زندگیوں پر بہتر اثرات مرتب کئے ہیں،عالمی منظرنامہ دونوں مُمالک کے دوران شراکت کی ازسر نو ترتیب کا موقع فراہم کرتا ہے۔










