ملتان(مقبول حسین) این اے 157سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدورمہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں۔ یہ لوگ تو عوام کی مشکلات کم کرنے آئے تھے۔عوام کی مشکلات کم کرنے کی بجائے بڑھا دی۔ انہیں اپنی سیاست چمکانے سے غر ض ہے۔ انہوں نے عمران خان کے بغض میں عوام کے لئے صحت کارڈودیگر امدادی پروگرام بند کردیئے۔ ان کے دعووں کی قلعی کھل چکی ہے۔ عوام امپورٹڈ حکمرانوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ یہ پاکستان کی بہتری کیلئے نہیں بلکہ اپنے کیسز ختم کروانے کیلئے اقتدار میں آئے انہیں باہر نکالنے میں ہی ملکی بھلائی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی یونین کونسل رڈ میں چک نمبر15 ایم ارا میں رانا عمر کی جانب سے منعقدہ،چک 16 MR (یو سی رِڈ) میں محمد عدیل اور شوکت بلوچ کی جانب سے اورچک 19 MR میں چوہدری جاوید گجر کی جانب سے منعقدہ خواتین کی کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا گزشتہ کئی صدیوں سے ہمارا خانوادہ ملتان میں آباد ہے۔ ملتان سے تعلق ہے۔ یہاں کی ہوں اور یہی رہوں گی۔ این اے 157 کی عوام نے ہمارے ساتھ وفا کی۔ میں بھی ان کے ساتھ وفا کرونگی۔ انہوں نے کہا این اے 157 کی خواتین،بزرگو ں،بہنوں، بیٹیوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ بھاری اکثریت سے گھروں سے نکلنا ہے۔ اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے، عوام کو حقیقی آزادی دلانے کے لئے عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے کبھی عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کئے۔ بڑی بڑی باتیں کرنے والے عوام کو بے وقوف سمجھتے ہیں۔ این اے 157 کے ووٹرز خدمت کرنے والوں اور اپنے مفاد کی سیاست کرنے والوں میں فرق سمجھتے ہیں۔16اکتوبر کو بلے کی فتح ہوگی۔ جھوٹوں اور لٹیروں کوشکست ہوگی۔
مہر بانو قریشی نے کہا 16اکتوبر کا الیکشن پاکستان مستقبل کی سیاست کے رخ کا تعین کرے گا۔ دو نظریوں کا الیکشن ہے ایک نظریہ ملک بچانے والوں کا دوسرا نظریہ چوروں اور لٹیروں کا نظریہ ہے۔ جو مفادات کی سیاست کررہے ہیں۔ انہیں عوام سے کوئی ہمدردی نہیں۔ انہیں اپنی کرسی کی فکر ہے۔ وہ اقتدار کو طول دینے اور اپنے خلاف قائم مقدمات کو ختم کرنے کے چکروں میں ہے۔ جس میں وہ کامیاب دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان کی دشمنی میں 13جماعتوں کا اتحاد بنا۔ عمران خان 13جماعتوں سے مقابلے کیلئے اکیلے کافی ہیں۔ یہ 13جماعتوں پر بھاری ہیں۔ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف میں ان 13 جماعتوں کو شکست دی۔ اب 16اکتوبر کو ایک بار پھر تحریک انصاف 13جماعتوں پر مشتمل اتحاد کو بھر پور شکست دے گا۔
انہوں نے کہا عمران خان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ان کے خلاف پراپگینڈہ کیا جارہاہے۔ کوئی طاقت عمران خان اور عوام کے درمیان حائل نہیں ہوسکتی۔ پاکستان کے عوام عمران خان پر ایک اعتماد کرتے ہیں۔ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو بحرانوں میں دھکیلا۔ عوام کو یقین ہے کہ عمران خان ہی ملک کو بحرانوں سے نکال کر ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر یونین کونسل کی خواتین نے بھرپور شرکت اور 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا اعادہ کیا۔
عمران خان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں، مہر بانو قریشی








