اسلام آباد(ممتازنیوز) وفاقی وزیر ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھرتی، ٹرانسفر یا پوسٹنگ کے لیے کوئی سفارش نہ کرائی جائے،سیاسی مداخلت کے خاتمے سے ہی قومی ادارہ پی آئی اے راہ راست پر آئے گا۔
وفاقی وزیر ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے آج بھی کوئی ایئرپورٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں، ہمارے کچھ ملازمین بہت کام کرتے ہیں اور کچھ کوئی کام کرنے کے لیے تیار نہیں۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر بیٹھنے کی جگہ نہیں تھی، کرسیاں بھی مجھے لگوانی پڑیں۔انہوں نے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں سیاسی بھرتیاں بند کی جائیں، سیاسی بھرتیاں بند کرنے پر بہترین نتائج سامنے آئیں گے، کام نہ کرنے والے خود بخود فلٹر ہوجائیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 41 میں سے 11 ایئرپورٹس بند پڑے ہیں، 30 ایئرپورٹس آپریٹڈ ہیں ان میں سے بھی کچھ کام کے نہیں، سیاسی بنیادوں پر ائیر پورٹس بنائے گئے، سیاسی بنیاد پر بنائے گئے ایئر پورٹس پر بڑی سرمایہ کاری کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پشاور اور دیگر شہروں کے لیے چھوٹے طیارے لانے کا منصوبہ ہے، ڈیرہ غازی خان اور سکھر ایئرپورٹ دونوں انٹرنیشنل ائیرپورٹ بننے جا رہے ہیں۔
بھرتی، ٹرانسفر یا پوسٹنگ کیلئے کوئی سفارش نہ کرائی جائے، خواجہ سعد رفیق








