بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کانگو ، امن مشن میں شامل پاکستانی اہلکار مسلح افرادکے حملے میں شہید

راولپنڈی(ممتازنیوز)کانگو میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل پاکستانی اہلکار حوالدار بابر صدیق فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرگئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30ستمبر کو بنیا مالنج مسلح گروپ کے شدت پسندوں نے منیوے میں آپریشن بیس پر اقوام متحدہ کے امن اقدام کے تحت ہتھیار ڈالنے کے بہانے رسائی حاصل کی ۔حوالدار بابر شہید ہتھیار ڈالنے کے دعویدار افراد کی رجسٹریشن کےلئے داخلی راستے پر گارڈ کمانڈر کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔ اس دوران مسلح افراد نے چیک پوسٹ پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک گولی حوالدار بابرکے سر پر لگی ۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی جبکہ حوالدار بابر کو قریبی پاکستانی آرمی میڈیکل ایڈپوسٹ لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کے طور پر اقوام متحدہ کے مختلف امن مشنوں میں ہمیشہ اہم کردارادا کیا تاکہ عالمی امن واستحکام یقینی بنایا جاسکے ۔ اب تک اقوام متحدہ کے مختلف امن مشنون میں 171پاکستانی اہلکار شہید ہوچکے ہیں ۔35سالہ شہید حوالدار بابر کا تعلق شکر گڑھ سے تھا اس کے سوگواران میں بیوہ ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں ۔