ملتان(مقبول حسین) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی خبر سن کر نہ صرف حیرانی بلکہ تعجب ہوا ہے ،پی ٹی آئی وکلاء سے مشاورت کے بعد اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کر ے گی، عمران خان کی عدالتی کارروائی کے دوران میں ان کے ساتھ رہا ہوں۔اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عمران خان نے عدالت میں بیان حلفی جمع کروایا ، انہوں نے عدالت کے روسٹم پر آکر وضاحت کی ،عمران خان نے متعلقہ جج کی عدالت میں جاکر فراخ دلی کا مظاہرہ کیا عمران خاان نے کہا میری ہرگز یہ خواہش نہیں تھی میں فاضل جج کی دل آزاری کروں ، عمران خان نے فاضل جج سے بھی معذرت کی ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جوماہر وکلاء عدالت میں پیش ہوتے رہے ان کی رائے کے مطابق مزیدکسی کارروائی کی گنجائش نہیں تھی،عمران خان کیخلاف مقدمہ506/504اور188/189 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا،مقدمے میں دفعہ506دھمکی آمیز بیان دینے پر درج کی گئی۔ادھر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمرنے حکومت سے کہاکہ عمران خان کو حراست میں لینے کی غلطی نہ کرنا، پچھتاؤ گے ،اسلام آباد اور پنڈی کے لوگ بنی گالہ پہنچیںجبکہ مراد سعیدنے کہاکہ جس طرح پہلے گرفتاری کو روکا تھا آج پھر روکیں گے۔
عمران کے وارنٹ گرفتاری پر تعجب،شاہ محمود، غلطی نہ کرنا،پچھتاؤ گے ،اسد عمرکاحکومت کوانتباہ








