بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی فوج مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے ،عالمی برادری نوٹس لے،فریدہ بہن جی

سرینگر (ممتاز نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماءاور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کا قتل عام روکنے کے لئے بھارت کے خلاف اقدامات اٹھائے، عدم تشد د کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ آج جب دنیا بھر میں عدم تشدد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے،بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جنگی جرائم کا ارتکاب جاری رکھا ہوا ہے۔ عدم تشدد کا عالمی دن کشمیریوں کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا کیونکہ وہ آج بھی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں اور کئی دہائیوں سے سفاک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مظالم کا سامنا کر رہے ہیں ، فریدہ بہن جی نے کہا کہ قابض فوجیوں کی طرف سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام نہ صرف جاری ہے بلکہ حالیہ ایام میں اس میں تشویشناک حدتک اضافہ ہوچکاہے ، روزانہ کشمیری عوام خاص کر نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جاتا ہے جبکہ نوجوانوں کو گرفتار کرکے لاپتہ کرایا جاتا ہے ، علاقے میں بھارتی اقدامات کو بین الاقوامی قانون کے مطابق نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم قراردیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ عدم تشدد کا عالمی دن منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جنگی جرائم کی مذمت کی جائے اور قابض بھارتی فوج کو ان جرائم کے لئے جوابدہ بنایا جائے، انہوں نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ کشمیر کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد ریاست میں بی جے پی انتہاپسند جماعت کو برسراقتدارلانے کے لئے ماحول کو سازگار بناناہے ، انہوںنے کہا کہ لوگوں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے کہ وہ بی جے پی کے حق میس ووٹ ڈالیں،لیکن بندوق کی نوک پر یا زبردستی لوگوں کے دل نہیں جیتے جاسکتے ہیں ،فریدہ بہن جی نے کہاکہ بھارت نے پہلے بھی کشمیر میں اس طرح کے ڈرامے رچائے ہیں لیکن کشمیری عوام نے اپنی جرات اور بلند حوصلوں کی وجہ سے بھارتی حربوںاور ڈراموں کو ناکام بنادیا ہے اور اس دفعہ بھی بھارتی سرکار کو اپنے مذموم عزائم میں ناکامی ہوگی ،انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے کسی دھوکے میں نہ آئے اور اپنے صفوں میں اتحاد واتفاق پیدا کرکے اپنی جدوجہد کو منزل کے حصول تک جاری رکھیں۔۔