بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

رانا ثنااللہ کےخلاف ایسا معاملہ پکڑا ہے کہ انہیں عمر قید ہوگی، پرویز الٰہی

لاہور(ممتازنیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ کے خلاف ایسا کام پکڑا ہے کہ انہیں عمر قید ہوگی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ (ن) کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی، ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں، عمران خان پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہیں، ان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت ابھی رجسٹریشن کا آغاز کیا ہے اور صرف ایک گھنٹے کے دوران 80 ہزار افراد نے اس پر رد عمل دیا ہے پورے صوبے میں اس پروگرام کے تحت رجسٹریشن کا عمل 15 روز تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے لیے ہم نے 10 ارب روپے کا بجٹ رکھا ہے اور ضرورت کے مطابق اس کے بجٹ کو مزید بھی بڑھایا جاسکتا ہے، ہمارا مقصد غریب کو ریلیف فراہم کرنا ہے، اس پروگروام کو عالمی سطح پر بہت سراہا گیا ہے، ورلڈ بینک اور 4 بڑے ممالک کے حکام نے اس پروگرام کی تعریف کی اور ثانیہ نشتر کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے پیچھے عمران خان کا وژن ہے، یہ پروگرام بلا تفریق سب کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہے، انہوں نے کہا سیاسی مخالفین کی جانب سے عمران خان کے خلاف مختلف مقدمات کی حیثیت نہیں، ان مقدمات سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ بہت بڑکیں مارتے ہیں، ان کے خلاف ہم نے ایسا کیس بنایا ہے کہ ان کو عمر قید کی سزا ہوگی، میں نے خود ان کو دیکھا تھا، ان کے خلاف کیس بہت مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں شامل لوگ صرف بڑکیں مار سکتے ہیں، ان سے کچھ نہیں ہوگا، پنجاب میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق رانا ثنااللہ کے بیان پر وزیر اعلیٰ نےکہا کہ رانا ثنااللہ کو سنجیدہ لینے کی ضرورت نہیں ہے، ان کی بات کوئی اہمیت نہیں ہے، موجودہ وفاقی حکومت میں شامل لوگوں کا تجربہ صرف جھوٹے مقدمے بنانے کا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے انہوں نے عوامی مفاد میں کوئی کام نہیں کیا، مسلم لیگ (ن) کے رہنمآں کے ساتھ 22 سال سیاست کی ہے، میں ان کی رگ رگ سے واقف ہوں، ان کو صرف جھوٹے مقدمے بنانے آتے لیکن اس میں بھی یہ ناکام ہوتے ہیں۔
پنجاب میں زمینوں پر قبضوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ روڈا کی زمین پنجاب حکومت نے الاٹ کی ہے اور اگر کوئی اس پر قبضے کی کوشش کرے گا تو ہم اس کو نہیں چھوڑیں گے، ضبقہ گروپوں سے زمین بھی واپس لیں گے اور ان کو کیفر کردار تک بھی پہنچائیں گے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے، اللہ تعالیٰ نے جب بھی وزارت اعلیٰ کامنصب دیا، ہمیشہ غریب آدمی کو ریلیف دینے کیلئے خلوص نیت سے کام کیا ہے، ایسے کام کر رہے ہیں جو عوام میرے پہلے دور کی یاد رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے واضح کیا کہ ون مین شو کے بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔
اس موقع پر گفتگو کے دوران ثانیہ نشنر نے کہ اس پروگرام کی رجسٹریشن اور استفادہ کرنے کے لیے اینڈرائیڈ فون لازمی نہیں ہے۔