اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسابق وزیراطلاعات فوادچودھری نے کہاہے کہ مریم نواز کی گھنٹے پر محیط پریس کانفرنس بدتمیزی، بدزبانی اور بدکلامی کے اظہار کے سوا کچھ نہ تھا،نواز شریف کی بیٹی نے ریاست کو جو خبر دی وہ تھی کہ وہ لندن عدالت سے سزایافتہ اپنے والد کے پاس جارہی ہیں۔اپنے ردعمل میں فوادچودھری نے کہاکہ شیطان کی آنت کی طرح طویل پریس کانفرنس میں عدالتی فیصلے کی طرح اس خاتون نے بھی نہیں بتایا کہ لندن جائیدادوں کی خریداری کے ذرائع کیا ہیں۔ فواد چودھری نے کہاکہ اس ملک میں مجرموں کی بلاروک ٹوک آنیاں جانیاں ریاست اور نظامِ عدل کے منہ پر طمانچہ ہے۔انہوں نے کہاکہ عوامی تائید سے یکسر محروم مجرموں کو میسر گمنام حمایت نے قومی سطح پر سنگین تشویش کو جنم دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ چوروں کو نظمِ ریاست پر حاوی ہوتا دیکھ کر قانون پر عمل پیرا ہر شہری تشویش میں مبتلا ہے۔ فواد چودھری نے کہاکہ مریم نواز کی پریس کانفرنسز دیکھ کر جیلوں میں قید معمولی جرائم میں ملوث افراد کو اپنے چھوٹے مجرم ہونے پر افسوس ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آمریت کی نرسری میں جوان ہونے والے بزدل بھگوڑے میں ہمت نہیں کہ آشیرباد کے بغیر سیاست میں قدم رکھنے کا سوچ بھی سکے۔ فواد چودھر ی نے کہاکہ نواز شریف وطن واپس آئیں، قوم انہیں اب چھٹی کا دودھ یاد دلائے گی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں عوام حقیقی آزادی کے حصول کے ایجنڈے پر یکسو ہیں۔ فواد چودھری نے کہاکہ لانگ مارچ کی تاریخ آنے کی دیر ہے، مستقبل کے فیصلے عوام کریں گے۔
مریم نواز کی پریس کانفرنس بدتمیزی، بدزبانی اور بدکلامی کے اظہار کے سوا کچھ نہ تھا،فواد








