بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی ایم ایف سے ڈیل کروں گا کسی کو فکر کی ضرورت نہیں ،اسحاق ڈار

اسلام آباد(ممتاز نیوز)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 25سال سے آئی ایم ایف کو ڈیل کررہے ہیں ، عوام کو ریلیف دینے کےلئے آئی ایم ایف سے ڈیل کروں گا کسی کو فکر کی ضرورت نہیں ، ڈالر کو 200سے نیچے لے کر آئیں گے ، نوازشریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنانا پوری پارٹی کی خواہش ہے ۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ معاشی استحکام کےلئے کوششیں کر رہے ہیں ، مفتاح اسماعیل کے حالیہ بیانات کے حوالے سے ایک سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پچھلی رجیم کو مفتاح اسماعیل فالو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو 25سال سے ڈیل کر رہا ہوں ،عوام کو ریلیف دینا ہے ،عالمی ادارے سے ڈیل کروں گا کسی کو فکر کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ  اس ماہ پٹرول پر 5 روپے لیوی لگنے والی تھی ۔

دریں اثناء وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی اورقطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن فیصل الثانی نے الگ الگ ملاقات کی ۔

متحدہ عرب امارا ت کے سفیر سے ملاقات کے دوران سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات قائم ہیں، دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے حکومت باہمی دلچسپی کے مختلف پہلوؤں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے،وزیر خزانہ اور متحدہ عرب امارات کے سفیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور اسے مزیدمضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات قائم ہیں اور موجودہ حکومت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ موجودہ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جاسکے۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے سینیٹراسحاق ڈارکو وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی اور ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ نے یواے ای کی جانب سے پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کے حوالہ سے خوش آئند جذبات کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کو حکومت کی جانب سے اس ضمن میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

قطر کے سفیر کی ملاقات کے دوران پاک قطر اقتصادی تعلقات مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن فیصل الثانی نے اسحاق ڈار کو وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔علاوہ ازیں وزیرخزانہ سے برطانیہ کی اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر اور برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈ واجد خان نے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے مہمانوں کو پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بتایا اور کہا کہ غیرمعمولی بارشوں اورسیلاب سے ملک کی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔