بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکیم سعید کی ذات ہمارے لیے مشعل راہ ہے،پروفیسر نیاز عرفان

راولپنڈی(ممتاز نیوز)سابق چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ اسلام آباد پروفیسر نیاز عرفان اسپیکر شوریٰ ہمدرد اور دیگر دانشوروں نے حکیم محمد سعید کی قومی، طبی، تعلیمی، فلاحی اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ خدمات سرانجام دینے پر زبر دست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا پاکستان کی تعمیر میں جو کردار ہے وہ کسی بھی محب وطن پاکستانی سے کم نہیں ہے انہوں نے اپنی ساری زندگی تعلیم کے فروغ، طب کی تشریح سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں خدمات سرانجام دی ہیں۔ مدینتہ الحکمتہ کا قیام، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے قیام، شوریٰ ہمدرد کا پلیٹ فارم اور نونہالوں کے لئے ہمدرد نونہال اسمبلی کا پلیٹ فارم بھی قائم کیا۔ لاکھوں مریضوں کا علاج کیا کسی سے کوئی فیس نہیں لی غریب مریضوں کو ادویات بھی بلا معاوضہ دیں، بحیثیت گورنر سندھ کسی قسم کی کوئی مراعات نہیں لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوریٰ ہمدرد کے ماہانہ اجلاس سے اسپیکر کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عنوان” تعمیرِ پاکستان میں شہید حکیم محمد سعید کی خدمات” تھا۔ قومی صدر شوریٰ ہمدرد محترمہ سعدیہ راشد نے کہا ہے کہ فلاحی اور سماجی خدمات کو سرانجام دینے والی شخصیات دنیا سے جانے کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتی ہیں۔ لوگ ان کے کارناموں کو نہیں بھولتے ایسی شخصیات میں حکیم محمد سعید سرِ فہرست ہیں انہیں پاکستان اور پاکستانی قوم سے بہت محبت تھی وہ قوم کو مضبوط دیکھنا چاہتے تھے۔ دیگر دانشوروں نے کہا کہ حکیم محمد سعید نے ذاتی جائیداد نہیں بنائی ان کی ذات ہم سب کے لئے مشعلِ راہ ہے ۔ اظہارِ خیال کرنے والوں میں نعیم اکرم قریشی، طارق شاہین، ڈاکٹر فرحت عباس، ڈاکٹر مقصودہ حسین، امتیاز حیدر، نصرت سرفراز، نسیم سحر، حکیم بشیر بھیروی، اسلام الدین قریشی اور ڈاکٹر محمود الرحمن شامل تھے۔