اسلام آباد(ممتازنیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو فلڈ ریلیف سپورٹ کے تحت 2ارب 30کروڑ ڈالر سے 2ارب 50کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رواں ماہ ہونے والی بورڈ میٹنگ میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم کی منظوری متوقع ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارسے پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی کی قیادت میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے مختلف منصوبوں اور پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے بریس پروگرام کے تحت پاکستان کیلئے آمدہ 1.5 ارب ڈالر کے قرضہ کو سراہا۔ اسحاق ڈار نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی معاونت کے ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا کلیدی ترقیاتی شراکت دار ہے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بینک نے پاکستان کے ساتھ معاونت کی ہے۔ وزیر خزانہ نے سیلاب سے متاثرہ افراد اور بنیادی ڈھانچہ کی تعمیرنو و بحالی میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت کے عزم کو بھی سراہا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو فلڈ ریلیف سپورٹ کے تحت اڑھائی کروڑ ڈالر فراہم کرے گا








