فیصل آباد( معظم رندھاوا) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے پنجاب میں وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں ،نہیں معلوم وہ گرفتار ہوتے ہیں یا نہیں لیکن اگر وہ گرفتار ہوتے ہیں تو میں رانا ثناء اللہ کو یقین دلاتا ہوں کہ پنجاب پولیس رانا ثنا اللہ کو ننگا کر کے نہیں مارے گی ،میں رانا ثنا اللہ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ان کی گرفتاری کے بعد خود تھانے کے باہر جاوں گا تاکہ کوئی ان کو ننگا نہ کر سکے اور کوئی انہیں مار نہ سکے ،غیرت مند لوگ دوسروں کی شلواریں نہیں اتارتے بلکہ ان کا سر اور ننگ ڈھانپتے ہیں کیونکہ عمران خان نے شرفت کی سیاست کی ہے اور میں ن لیگ کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ عمران خان ان کو ننگا نہیں کریگا بلکہ ان کو ڈھانپے گا ،اگر ن لیگی کسی بھی مقدمہ میں پھنسیں گے ۔وہ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور ان کے اتحادیوں نے اس یقین کیساتھ کہ ہمیشہ وزارت اعظمی سے نکالے جانے والی جماعت کو الیکشن میں پزیرائی نہیں ملتی اور وہ ہار جاتی ہے ،عمران خان کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے ضمیر خریدنے کے لیے منڈی لگائی اور عمران خان کے اتحادیوں اور کچھ ساتھیوں نے مہنگائی کو جواز بنا کر اپنے ضمیروں کے سودے کیے ،یہ وہی لوگ تھے جن کے آباو اجداد نے جنگ آزادی کے دوران بھی ضمیر بیچ کر اپنے فائدے حاصل کیے اور اب انہی کی اولادوں نے اپنے ضمیر بیچ کر عمران خان کی حکومت گرائی اور وہ آج منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ن لیگ کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ عمران خان جب بھی الیکشن ہوئے دو تہائی اکثریت لے کر آئے گا اور وہ ہر رکاوٹ توڑ کر دو تہائی کیساتھ ایک بار پھر وزیر اعظم بنے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ میرا تعلق فیصل آباد سے ہے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کی حکومت آئے گی اور عمران خان ایک بار پھر فیصل آباد کی انڈسٹری ، پاور لومز ، ٹیکسٹائل سیکٹر کو اپنے پاوں پر کھڑا کریگا ،ہماری آنے والی حکومت مزدور کی اجرت میں اضافہ کریگی اور ایک بار پھر پاکستان کو سات فیصد گروتھ ریٹ تک لے کر جائیں گے۔










